Friday, 29 November 2024


پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کا مذہبی آزادیوں کی رپورٹ سے متعلق بیان مسترد

 

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کا مذہبی آزادیوں کی رپورٹ سے متعلق بیان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جیوری کی ساکھ اورغیرجانبداری پر سنجیدہ سوالات موجود ہیں کیونکہ پاکستان ایک کثیرمذہبی معاشرہ ہے جہاں مختلف مذاہب کے لوگ ساتھ رہتے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان کی آبادی میں 4 فیصد مسیحی، ہندو، بدھ اورسکھ ہیں، اقلیتوں سے مساوی سلوک اورحقوق کی فراہمی آئین کی اساس ہے، اقلیتوں کوقانون سازی کے عمل میں شریک کرنے کیلئے مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں جب کہ اقلیتوں کے مذہبی مقامات اور جائیدادوں کے تحفظ کیلئے عدلیہ نے تاریخی فیصلے کئے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امریکا کو اپنے ملک میں بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا کی وجوہات تلاش کرنے کی ضرورت ہے، انسانی حقوق کے عالمی علمبرداروں کو مقبوضہ کشمیرمیں خلاف ورزیاں نظرنہیں آرہیں، پاکستان کو کسی ملک سے اقلیتوں کے تحفظ کا درس دیئے جانے کی ضرورت نہیں۔ واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان سمیت دیگرکئی ممالک کو مذہبی آزادی کے منافی کام کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment