Friday, 29 November 2024


سال 2018"گرین شرٹس" کے لئے کیسا رہا؟

سال 2018 میں گرین شرٹس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چھائے رہے زمبابوے میں سہ ملکی ایونٹ سمیت تمام 6سیریز جیتیں، 19 میچز میں 17فتوحات کے ساتھ عالمی رینکنگ میں حکمرانی برقرار رکھی، فخرزمان 576 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، سب سے زیادہ 28 وکٹیں شاداب خان نے حاصل کیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے رواں سال کے آغاز میں نیوزی لینڈ کو اسی کے ہوم گراؤنڈ پر 2-1 سے شکست دی، ویسٹ انڈیز کو کراچی میں 3-0 سے کلین سوئپ کیا، دورئہ اسکاٹ لینڈ میں میزبان ٹیم کو دونوں میچز میں شکست دی، زمبابوے میں منعقدہ ٹرائنگولر سیریز میں گرین شرٹس کو آسٹریلیا سے ایک لیگ میچ میں شکست دوسرے میں کامیابی حاصل ہوئی، میزبان کو دونوں مقابلوں میں ہرایا، فائنل میں پاکستان نے کینگروز کو زیر کرتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمایا، یو اے ای میں آسٹریلیا کو 3-0سے کلین سویپ کیا،بعد ازاں نیوزی لینڈ کیخلاف تینوں میچز بھی جیتے۔
مجموعی طور پر گرین شرٹس نے سال کے19میں سے17 میچز میں فتح پائی،صرف 2میں ناکامی ہوئی۔ مسلسل فتوحات کی بدولت پاکستان کی آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن برقرار رہی، ٹیم نے سب سے بڑا ٹوٹل 3 وکٹ پر 205 رنز کراچی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف بنایا، سب سے کم اسکور 105 پر گرین شرٹس ویلنگٹن میں کیویزکے مقابل ڈھیر ہوئے، پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 576 رنز فخر زمان نے بنائے، بابراعظم (563) دوسرے، شعیب ملک (357) تیسرے، سرفراز احمد( 354) چوتھے اور حسین طلعت(273) پانچویں نمبر پر رہے۔
 
سب سے بہتر اوسط 62.55 بابراعظم کی رہی، سب سے بڑی انفرادی اننگز(97) کھیلنے کا اعزاز بھی انھیں حاصل ہوا۔ بولرز میں شاداب خان 28 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے، حسن علی اور فہیم اشرف نے 15، 15 شکار کیے، محمد عامر 14، شاہین شاہ آفریدی 11جبکہ عماد وسیم اور محمد نواز 8 8 وکٹیں اڑانے میں کامیاب ہوئے، بہترین اوسط 15.50سے وکٹیں محمد عامر نے حاصل کیں، بہترین بولنگ 5رنز کے عوض 3 وکٹیں فہیم اشرف کی رہی۔
 

 

Share this article

Leave a comment