Friday, 29 November 2024


پاکستان جیت کے قریب تر

 

پاکستان جیت کے قریب تر جوہانسبرگ ٹیسٹ میں تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 381 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں پر 153 رنز بنا لیے اور اسے جیت کے لیے مزید 228 رنز درکار ہیں۔ پاکستان کو جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے، اس کڑے امتحان میں پاس ہونے کے لیے پاکستانی بیٹسمینوں کو غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔ کھیل کے تیسرے دن دوسری اننگز میں میزبان ٹیم 303 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری کی بدولت 381 رنز کا بڑا ہدف کھڑا کردیا، ڈی کوک 129 اور ہاشم آملہ 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ٹیل اینڈرز میں فلینڈر14، رباڈا 21 اور اولیور ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیل اسٹینصفر پر ناٹ آؤٹ لوٹے، پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور محمد عباس نے 3،3 جب کہ محمد عامر 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ناکام رہی تھی، میزبان ٹیم کی جانب سے 4 کیچ ڈراپ اور ایک رن آؤٹ کا موقع ضائع کرنے کے باوجود قومی ٹیم پہلی اننگز میں 185 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے سرفراز احمد 50، بابر اعظم 49 اور امام الحق 43 کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا تھا، پروٹیز کی جانب سے اولیوائر نے 5، فلینڈر نے 3 اور رباڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم 90 ، ہاشم آملہ 41، بروین 49 اور زوبایر حمزہ کے 41 رنز کی بدولت 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ واضح رہے کہ ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یوں جنوبی افریقا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

 

Share this article

Leave a comment