Friday, 29 November 2024


ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے کیا کیا؟ نئی فوٹیج منظرِعام پرآگئی

ساہیوال: ساہیوال میں کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی کی نئی ویڈیو منظر عام پر آگئی جس نے اہلکاروں کے جھوٹ کا پول کھول دیا۔

ذرائع کے مطابق انسداد محکمہ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ساہیوال میں کارروائی کی نئی فوٹیج موصول ہوگئی جو مبینہ مقابلے کے وقت سڑک پر پیچھے کھڑی ایک گاڑی میں بیٹھے شہری نے موبائل سے بنائی۔
موبائل سے بنائی گئی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے گاڑی کو ٹکر مار کر روکا اور پہلے گاڑی سے بچوں کو اتارا جس کے چند سیکنڈز بعد اہلکاروں نے سیدھی فائرنگ کردی جب کہ گاڑی میں ذیشان اور مہرخلیل کی جانب سے جوابی فائرنگ نہیں کی گئی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اہلکاروں نے گاڑی سے کوئی سامان نہیں نکالا اور نہ ہی سی ٹی ڈی ٹیم پر کسی موٹرسائیکل سوار کی جانب سے فائرنگ کی گئی جب کہ فائرنگ کرنے کے بعد سی ٹی ڈی اہلکاروں نے گاڑی سے پہلے تینوں بچوں کو اتار کر سرکاری گاڑی میں منتقل کیا اور پھر ساتھ لے گئے۔
واضح رہے گزشتہ روز ساہیوال میں کارروائی کے بعد سی ڈی ٹی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے دہشت گردی کا بہت بڑا منصوبہ ناکام بنادیا اور گاڑی میں موجود ذیشان سمیت نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جب کہ چاروں افراد کی ہلاکت بھی ان کے ساتھیوں کی فائرنگ کا نتیجہ قرار دی گئی۔

 

Share this article

Leave a comment