Friday, 29 November 2024


حکومت عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ سے مارناچاہتی ہے، مرتضیٰ وہاب

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی نااہل حکومت خسارہ پورا کرنے کے لیے عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے مارنا چاہتی ہے۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت نے منی بجٹ پیش کرکے اپنی ناکامی کا خود اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے پہلے صحیح بجٹ نہیں دیا ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں بیروزگاری اور مہنگائی کا طوفان آچکا ہے۔ سندھ ریوینیو بورڈ کی وصولی کی شرح پورے پاکستان کے سامنے ہے، ہم ایف بی آر کو بھی درست سمت میں چلا سکتے ہیں۔ تحریک انصاف کی نااہل حکومت خسارہ پورا کرنے کے لیے عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے مارنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم کنٹینر سے نکل کر زمینی حقائق کا سامنا کریں، قطر میں جلسہ کرنے سے بہتر ہے کہ ملک کے لیے کام کریں اور الزام تراشیوں کی سیاست بند کریں ان کی کابینہ میں وہی چہرے ہیں جو پچھلی حکومتوں میں کاسہ لیس تھے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ پارٹی چیئرمین کے فیصلہ کے بعد اس منصب پر فائز ہوئے ہیں۔ جرم ثابت ہونے سے قبل ہی مجرم ٹہرائے جانا تحریک انصاف کے رہنماو¿ں کی قانون سے لاعلم ہونے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ پہلے جرم ثابت ہو اس کے بعد گرفتاری ہوتی ہے، تحریک انصاف کی قیادت مطالعہ کرنے کے بعد بیان بازی کیا کرے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں امن و امان سے متعلق ہر ہفتے اجلاس ہوگا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان شرکت کریں گے اور اس کی سربراہی وزیرِاعلیٰ سندھ کریں گے۔ کورنگی میں پولیس فائرنگ سے زخمی ہوئے والے جوڑے کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں وزیراعلیٰ نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے، ان دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف مہم جاری ہے اب تک سندھ سے 17 ہزار گاڑیاں جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیاں پکڑی گئی ہیں،عوام گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹ چسپاں نہ کریں، اس وقت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں ایک لاکھ 60 ہزار نمبر پلیٹس تیار ہیں مگر عوام ان کو وصول کرنے نہیں آرہے ہیں جو کہ سراسر شہری ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ سیف سٹی پروجیکٹ پر کام شروع ہوچکا ہے جس کے پہلے فیز میں ریڈ زون پر کام کیا جارہا ہے

 

Share this article

Leave a comment