Thursday, 28 November 2024


لیجنڈ اداکارہ روحی بانوکوامانتاً سپردِخاک کردیاگیا

پاکستان کی لیجنڈ اداکارہ روحی بانو کو ترکی میں امانتاً سپر خاک کردیا گیا ہے۔

گزشتہ روز انتقال کرنے والی پاکستان شوبزانڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ روحی بانو کو ترکی کے شہر استنبول میں امانتاً سپرد خاک کردیاگیا ہے۔ روحی بانو کی بہن کا کہنا ہے کہ انہوں نے روحی بانو کی میت پاکستان لانے کے حوالے سے حکومت سے درخواست کی ہے لہٰذا جب تک ان کی میت پاکستان نہیں آجاتی انہوں نے امانتاً روحی بانو کو استنبول میں سپرد خاک کردیاہے۔

واضح رہے کہ روحی بانو گزشتہ روز 67 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعدانتقال کرگئی تھیں، ان کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی تھی۔ روحی بانو کے انتقال پر شوبز شخصیات کے علاوہ سیاسی شخصیات نے بھی گہرے دکھ اورغم کا اظہار کیاتھا۔ اداکارہ روحی بانو موت سے 10 روز قبل سے وینٹی لیٹر پر تھیں ان کے گردے بھی ناکارہ ہوچکے تھے جب کہ وہ ذہنی امراض میں بھی مبتلا تھیں۔

10 سال قبل اداکارہ روحی بانو کے اکلوتے بیٹے کو لاہور میں قتل کردیاگیا تھا جس کے بعد وہ ذہنی طور پر بیمار ہوگئی تھیں۔ اداکارہ روحی بانو نے علم نفسیات میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی تھی اس کے علاوہ انہوں نے متعدد ڈراموں اورفلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور شہرت حاصل کی۔ روحی بانو نے 70 اور 80 کی دہائی میں ملکی ڈرامہ انڈسٹری پر راج کیا اورصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت متعدد ایوارڈز حاصل کیے۔

 

 

Share this article

Leave a comment