Friday, 29 November 2024


حلقہ پی ایس 94 میں ضمنی انتخاب کیلیےپولنگ کاعمل جاری

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 94 کورنگی میں ضمنی انتخاب کیلیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ جب کہ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ یہ نشست ایم کیو ایم کے منتخب امیدوار محمد وجاہت کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔

اس حلقے میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار 449 ہے جن میں سے 1 لاکھ 36 ہزار 808 ووٹرز مرد اور 1 لاکھ 9 ہزار 641 خواتین ووٹرز ہیں۔ ضمنی انتخاب کیلیے 149 پولنگ اسٹیشنز اور 596 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔
سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 94 کی اس نشست پر ایم کیو ایم، پی ٹی آئی، مہاجر قومی موومنٹ، پی ایس پی، پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے سمیت 16 امیدوار میدان میں ہیں جن میں پی ٹی آئی کی جانب سے سید ہاشم رضا ایم کیو ایم اور محمد اشرف جبار جب کہ محمد عرفان پی ایس پی اور عامر اختر مہاجر قومی موومنٹ کے امیدوار ہیں۔
واضح رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم کے محمد وجاہت (مرحوم) نے 32 ہزار 729 ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کی تھی۔ ان کے مقابلے پر ٹی ایل پی کے امیدوار محمد شعیب الرحمن کو 14 ہزار 30 اور پی ٹی آئی کے فرید اللہ کو 13 ہزار 640 ووٹ ملے تھے، مہاجر قومی موومنٹ کے عارف اعظم 10 ہزار 828 اور ایم ایم اے کے محمد اسلم پرویز عباسی نے 7 ہزار 614 ووٹ حاصل کیے تھے جب کہ پی ایس پی کے امیدوار محمد عرفان کو 4 ہزار 187 اور پیپلز پارٹی کی امیدوار گل رعنا کو 2 ہزار 458 ووٹ ملے تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس ضمنی انتخاب کیلیے حلقے میں 1300 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ رینجرز اہلکاروں کی تعداد اس کے علاوہ ہوگی جو پولنگ اسٹیشنز اور علاقوں میں موجود رہیں گے۔ پولنگ کیلیے الیکشن کمیشن نے 2 ہزار سے زائد انتخابی عملہ مقرر کیا ہے۔
خیال رہے کہ ووٹ ڈالنے کے لیے شناختی کارڈ لازمی لانا ہوگا، زائد المیعاد این آئی سی بھی قابل قبول ہوگا۔ ووٹرز کو موبائل فون پولنگ اسٹیشن کے اندر لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
 

 

Share this article

Leave a comment