Friday, 29 November 2024


امریکی حکام نے پاکستان کوگرین سگنل دے دیا

اسلام آباد : امریکی حکام نے قومی ایئرلائن کو براہ راست پروازوں کیلئے گرین سگنل دے دیا، جس کے بعد پی آئی اے نے براہ راست پروازوں کیلئے تیاری شروع کردی ہے۔
 
وزیر اعظم عمران خان کی موجودہ پالیسیوں کو بھی عالمی سطح پر اعتراف کیا جانے لگا، امریکی حکام نے قومی ایئرلائن کو براہ راست پروازوں کیلئے گرین سگنل دیدیا۔
 
امریکی حکام کے گرین سگنل کے بعد پی آئی اے نے امریکا کیلئے براہ راست پروازوں کیلئے تیاری شروع کردی، ذرائع کا کہنا ہے پی آئی اے امریکا کیلئے طویل مسافت والے طیارے آپریٹ کرے گا۔
 
گذشتہ روز امریکی قونصل جنرل جوائن ویگنر نے پی آئی اے کے سی ای او سے ملاقات کی تھی اور امریکی قونصل جنرل نے پی آئی اے کی نیویارک، شکاگو اور ہیوسٹن کی براہ راست پروازوں کی اجازت کے حصول کیلئے درخواست بھی کی تھی۔
 
 
پی آئی اے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر امریکی سفارتی عملے نے پاکستان اور ہوائی اڈوں کی سیکیورٹی سے متعلق اپنے اطمینان کا بھی اظہار کیا تھا۔
 
یاد رہے پی آئی اے نے امریکا کیلئے اپنا آپریشن اکتوبر 2017میں نقصان کی وجہ سے بند کیا تھا، پی آئی اے کی پروازیں مانچسٹر سے ہوتی ہوئی امریکا جاتی تھیں، جس کے باعث پی آئی اے کو نقصان کا سامنا تھا۔
 
خیال رہے پاکستان میں برٹش ایئرویز کی بحالی کے بعددیگر غیر ملکی ایئرلائنوں نے بھی اپنی پروازیں آپریٹ کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
 
واضح رہے برٹش ایئر ویز اپنا فلائٹ آپریشن رواں سال جون میں شروع کر رہا ہے، اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں چلائی جائیں گی۔

Share this article

Leave a comment