Thursday, 28 November 2024


واٹسن اور ڈیرن کا پاکستان کے نام پیغام

کراچی: پاکستان آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں نے محبت کے پھولوں سے دامن بھرلیا جب کہ شین واٹسن نے دورے کو یادگار قرار دے دیا۔

پاکستان میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے میچز کو دلچسپ بنانے اور یہاں کے شائقین کو کھیل کے سنسنی خیز لمحات سے لطف اندوز کرنے والے غیرملکی کھلاڑیوں نے بھی اپنے دامن محبت کے پھولوں سے بھرلیے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک اور ٹیم مینجمنٹ کی کوششوں سے یہاں آنے پر راضی ہونے والے سابق آسٹریلوی کرکٹرشین واٹسن نے اپنے دورہ پاکستان کو یادگار قرار دے دیا۔ واٹسن پی ایس ایل فور میں سب زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی قرار پائے انھوں نے کئی میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی فتح کو اپنی بیٹنگ سے یقینی بنایا۔

 
پشاور زلمی کے کپتان اورلگاتار تیسری مرتبہ پی ایس ایل کیلیے پاکستان کا رخ کرنے والے ڈیرن سیمی نے بھی ایونٹ کے دوران مداحوں کے پیار اور سپورٹ کاشکریہ ادا کیا ہے۔ ان کاٹویٹر پرکہنا تھاکہ ’’پاکستان، میں واپس آؤں گا، پیار اور سپورٹ کا شکریہ‘‘۔

سیمی نے کراچی کے شائقین کرکٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کرکٹ کا ماحول بہترین ہے اور یہ کرکٹ کھیلنے کے لیے شاندار جگہ ہے۔

ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم کرکٹر اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے مینٹور ویوین رچرڈز نے مداحوں ، پاکستان کے کرکٹ شائقین اور کراچی کے عوام کا بہت شکریہ ادا کیا ہے۔ ٹویٹر پر ویڈیو پیغام میں ویوین رچرڈز نے ٹیم کوئٹہ کے ہر ممبر کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔

Share this article

Leave a comment