نواب شاہ: بلاول بھٹو کی قیادت میں ٹرین مارچ نواب شاہ پہنچ گیا، ایم پی اے طارق مسعود آرائیں کی قیادت میں جیالوں نے ٹرین مارچ کا استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت مخالف ٹرین مارچ کے شرکا رات نواب شاہ میں قیام کے بعد صبح 10بجے براستہ سکھراسٹیشن لاڑکانہ جائیں گے۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کا ریلوے اسٹیشن پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ صرف ٹرین کا سفر ہے، وزیراعظم ہاؤس سے چیخیں آرہی ہیں، 4 اپریل کو قائد عوام کا 40 واں یوم شہاد ت ہے، یہ آج بھی بھٹو شہید کی نظریات سے ڈرتے ہیں، اسمبلی میں بھٹو کا نام لینے پر وزیر جل جاتے ہیں اور چیخیں نکلتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارا راستہ روکا گیا، پارٹی رہنماؤں کو نا اہل کیا گیا، الیکشن سے دور رکھا گیا، ہمارے خلاف سارے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے، لیاری میں دھاندلی کی گئی، آج بھی فارم 45 لاپتہ ہے، ہم جانتے ہیں نیب کالا قانون ہے، نیب سیاسی انتقام کے لیے مشرف کا بنایا ہوا ادارہ ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ احتساب پر اعتراض نہیں، پر احتساب کے نام پر سیاسی انتقام قبول نہیں، یہ آپ کے حقوق اور وسائل چھیننا چاہتے ہیں، یہ شہید بھٹو کے دیے ہوئے آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم آئین پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے حقوق اور وسائل پر سمجھوتا نہیں کریں گے، کس قسم کا وزیراعظم ہے جو مودی کے خلاف کچھ نہیں کرتا، کیا ہوا 50 لاکھ گھر کے وعدے کا؟ یہ کٹھ پتلی حکومت ہے، ہم نہیں مانتے۔