Friday, 29 November 2024


عمراکمل بازنہ آئے، پھرشرمناک حرکت کردی

لاہور: عمر اکمل نے ایک بار پھر اپنے پیروں پرکلہاڑی دے ماری اور ڈسپلن کی خلاف ورزیوں سے باز نہ آئے۔

باصلاحیت ہونے کے باوجود کرکٹ میں نام کمانے سے زیادہ ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے بدنام عمر اکمل پی ایس ایل4 میں بہتر کارکردگی اور رویہ کی وجہ سے قومی ٹیم میں واپس آئے، انھیں ’’پاور ہٹر‘‘ کی کمی پوری کرنے کی امید پر موقع دیا گیا تھا۔

سیریز میں ان کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، مڈل آرڈر بیٹسمین نے پانچوں میچز میں 150رنزتوبنائے لیکن جب بھی ٹیم کو اشد ضرورت ہوئی فتح کا مشن مکمل کرنے سے قبل وکٹ گنوابیٹھے، افوسناک امر یہ کہ ڈسپلن کے حوالے سے بھی پرانی روش پر برقرار رہے۔

پی سی بی کے مطابق عمر اکمل آسٹریلیا کیخلاف پانچویں ون ڈے میچ سے قبل ہفتہ کی رات کو تاخیر تک ہوٹل سے باہر رہے، منیجر طلعت علی کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔ ان کو میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کرنے کے ساتھ آئندہ محتاط رہنے کیلیے وارننگ بھی جاری کردی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل اس رات ایک ڈانس پارٹی میں ہلہ گلہ کرتے رہے، سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی گردش میں رہیں۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہونے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے عمراکمل کو وطن واپس بھجوادیا تھا، دونوں میڈیا کے سامنے ایک دوسرے پر سخت تنقید بھی کرتے نظر آئے۔

اس سے قبل بھی بیٹسمین ڈانس پارٹیز اور ٹریفک وارڈن کیساتھ جھگڑے سمیت کئی تنازعات میں ملوث رہے ہیں،اس بار پھر انھوں نے اپنے پیروں پر کلہاڑی مارتے ہوئے ورلڈکپ میں شرکت کا کیس کمزور کرلیا ہے۔

Share this article

Leave a comment