Friday, 29 November 2024


رحمتوں اوربرکتوں کی رات شب معراج مذہبی عقیدت واحترام کےساتھ آج منائی جائےگی

رحمتوں اور برکتوں کی رات شب معراج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ آج منائی جائے گی۔

شب معراج وہ شب ہے جب اللہ رب العزت نے اپنے حبیب نبی محترم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معراج کا شرف عطا کیا اور پانچ نمازوں کا تحفہ عطا کیا۔

یہ واقعہ ہجرت سے 5 سال قبل پیش آیا، جب حضرت جبریلؑ براق لے کر نبی آخرالزماں ﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا، اے اللہ کے رسول، آپ کا رب آپ سے ملاقات کا خواہشمند ہے۔

حضور اکرم ﷺ اس مقدس سفر کے دوران مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ گئے جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ ﷺ کی اقتداء میں نماز ادا کی اور پھر آپ آسمانوں میں اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرنے تشریف لے گئے۔

اس واقعے کو قرآن کریم کی سورۃ اسراء پارہ نمبر 15 کی ابتدائی آیات میں بیان کیا گیا ہے۔

سفر معراج کے دوران رسول کریمﷺ کو جنت اور دوزخ دکھائی گئیں، آپ کی ملاقات مختلف انبیائے کرام سے بھی ہوئی۔

اسی سفر میں امت محمدیہ ﷺ پر نماز بھی فرض ہوئی یہی وجہ ہے کہ اس شب خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

شب معراج کو اہل ایمان نوافل ادا کرتے ہیں، درود و سلام اور نعت خوانی کی محفلیں سجائی جاتی ہیں، گناہوں سے بخشش اور ملکی سلامتی کے لیے رب ذوالجلال کی بارگاہ میں التجائیں کی جاتی ہیں۔

Share this article

Leave a comment