بھارت نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت ویرات کوہلی کریں گے اور اسکواڈ میں ریشابھ پانٹ اور امبتی رائیڈو دونوں ہی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ آج ممبئی میں ویرات کوہلی اور ایم ایس اکے پرساد کی زیر سربراہی سلیکشن کمیٹی نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے صدر دفتر میں ملاقات کی جس میں عالمی کپ کے لیے ٹیم کو حتمی شکل دی گئی۔ بھارتی ٹیم ویسے تو پہلے سے ہی طے شدہ تھی لیکن چوتھے نمبر پر کھیلنے والے بلے باز کے حوالے سے سوالیہ نشان برقرار تھا جس کے لیے پانٹ اور رائیڈو کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا تھا لیکن سلیکٹرز نے دنیش کارتھک پر اعتماد کا اظہار کیا جن کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں وجے شنکر اور لوکیش راہل کو رکھا گیا ہے۔ بھارت نے اپنے اسکواڈ میں دو اسپنرز کلدیپ یادو اور یزویندر چاہل کو برقرار رکھا ہے جہاں ان کا ساتھ دینے کے لیے تین فاسٹ باؤلرز بھوونیشور کمار، محمد شامی اور جسپریت بمراہ موجود ہوں گے۔ شیکھر دھاون اور روہت شرما اوپننگ کے فرائض انجام دیں گے جس کے بعد ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر آئیں گے البتہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے کیدار جادھو کے ساتھ لوکیش راہل اور دنیش کارتھک کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی ممکنہ طور پر پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے فرائض انجام دیں گے جبکہ بھارتی اسکواڈ میں ہردک پانڈیا اور رویندرا جدیجا کی شکل میں دو آل راؤنڈرز بھی موجود ہیں جو اس ٹیم ایک مضبوط اور عالمی کپ کے لیے فیورٹ ٹیم کی شکل دیتے ہیں۔ عالمی کپ کے لیے بھارت کا 15رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ویرات کوہلی(کپتان)، شیکھر دھاون، روہت شرما، لوکیش راہل، وجے شنکر، مہندر سنگھ دھونی، کیدار جادھو، دنیش کارتھک، یُزویندرا چاہل، کلدیپ یادوو، بھوونیشور کمار، جسپریت بمراہ، ہردک پانڈیا، روندرجدیجا اور محمدشامی۔