Friday, 29 November 2024


ورلڈکپ 2019، سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمدکافیورٹ کون؟

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے ورلڈکپ اسکواڈ میں عابد علی اور محمد حسنین کی شمولیت کیلیے آوازبلند کر دی۔

ایشین ایوارڈ سے نوازے جانے پر سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد کے اعزاز میں گزشتہ روز لاہور اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (سجال) نے تقریب پذیرائی سجائی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان ورلڈکپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے، 1992 کا میگا ایونٹ اسی فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا تھا، اس وقت عمران خان کوبھی کئی نوجوان کھلاڑیوں کی خدمات حاصل تھیں۔

مشتاق احمد نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز پاکستان ٹیم کیلیے سازگار ہیں، امید ہے کہ سلیکشن کمیٹی ایک اچھا اسکواڈ منتخب کرے گی اور ہیڈکوچ مکی آرتھر بہتر پلاننگ کے ساتھ ٹیم کو میدان میں اتاریں گے۔

انھوں نے کہا کہ عابد علی اور محمد حسنین بہترین مہارت اور صلاحیت رکھنے والے کرکٹرز ہیں، صرف فٹنس کی بنیاد پر انھیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، عابد علی اور محمد رضوان کو ساتھ لے کر جانا ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتا ہے۔

مشتاق احمد نے کہا کہ کنڈیشنز جیسی بھی ہوں اننگز کے درمیان میں اسپنرز اچھی کارکردگی دکھائیں تو فرق ڈال سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انگلش کپتان ایون مورگن کی جانب سے گرین شرٹس کو فیورٹ قرار دینا دباؤ میں لانے کی کوشش ہو سکتی ہے،انھوں نے پاکستانی کرکٹرز کو مشورہ دیاکہ 16 جون کو بھارت کے خلاف میچ میں دل و دماغ سے  خوف نکال کر میدان میں اتریں، مقابلے میں اہم کھلاڑیوں کو پرفارم کرنا ہوگا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ عمران خان جس نظام کی بات کر رہے ہیں اسے سمجھنے کی ضرورت ہے، مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں اور پاکستانی ہونے کے ناطے سوچیں تو ریجنز اور ڈومیسٹک کا اسٹرکچر بہتر سے بہتر ہوتا چلا جائے گا۔

Share this article

Leave a comment