کراچی: شہر قائد میں ڈپٹی میئر کے انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، ڈپٹی میئر کی نشست پرایم کیو ایم اور پی پی کے امیدوار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
کراچی میں ڈپٹی میئر کی نشست پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم کے ارشد حسن اور پیپلزپارٹی کے کرم اللہ وقاصی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ الیکشن میں تین سو چیئرمینز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔
ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کو جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن اورعوامی نیشنل پارٹی کی جبکہ ایم کیو ایم کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل ہے۔
ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے الیکشن کے ایم سی کاؤنسل ہال میں ہورہے ہیں جہاں خواتین اور مرد حضرات کے لیے الگ الگ پولنگ اسٹیشنزہیں۔
ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ایس صلاح الدین کی زیرنگرانی پولنگ صبح 9 بجے سے شام 5 تک جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹرارشد وہرا ایم کیو ایم پاکستان کو خیرآباد کہہ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے تھے۔
بعدازاں ایم کیو ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن میں ان کی نااہلی کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ارشد وہرا کو ڈپٹی میئر کے عہدے سے ہٹایا جائے اور نا اہل کیا جائے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ارشد وہرا کو نا اہل قرار دیا تھا۔ پی ایس پی رہنما ضلع سینٹرل کراچی کی یونین کونسل 49 سے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔