Friday, 29 November 2024


ورلڈ کپ اسکواڈ میں اہم تبدیلیاں

لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ ہوں گے، چیف سلیکٹر نے کہا کہ آصف علی کوعابد علی پرپاور ہٹنگ کی وجہ سے فوقیت دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے سرفرازاحمد کی قیادت میں 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔ چیف سلیکٹرنے نیوزکانفرنس میں کہا کہ فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، سرفراز احمد، حارث سہیل، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین اسکواڈ میں شامل ہیں۔ انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ جو سیریز ہوئی اس کے بعد قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا، وہاب ریاض، محمد عامر، آصف علی کو واپس لے لیا، شاداب کی ٹیم میں واپسی ہوئی، ڈاکٹروں نے شاداب کو کلیئر کر دیا ہے، تجربہ کار عامر اور وہاب کو ٹیم میں شامل کیا گیا، فاسٹ بالرز کو ون ڈے سیریز میں کارکردگی کے بعد شامل کیا گیا، انھوں نے کہا کہ عابد علی کو ٹیم میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا، پاور ہٹنگ کی وجہ سے ان پر آصف علی کو فوقیت دی، وہاب ریاض کو ہم نے نظر انداز نہیں کیا تھا، انھوں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، 90 کی اسپیڈ جس کی نہیں ہے وہ بھی میچ میں کھیلتے ہیں، برطانوی کھلاڑی کو بھی ویسی مار پڑی ہے جیسے پاکستانی کو۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور امام الحق فارم میں ہیں، حسنین کو اتنا تجربہ نہیں لیکن اللہ کرے ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دیں، ان کے پاس اسپیڈ ہے، ٹیم کی ضرورت کے مطابق کوچ اور کپتان سے بات کی، بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ کو بھی دیکھنا ہے۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ جنید اور فہیم بھی اچھے بولر ہیں لیکن کنڈیشن میں تجربہ کار کھلاڑی چاہیے، آگے کیا ہوگا میں نہیں بتا سکتا، ٹیم نے انگلینڈ میں فائٹ کی کچھ چیزیں بری تو کچھ اچھی بھی ہیں، ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں بہتر پرفارمنس دے گی۔ انضام کا کہنا تھا کہ ٹیم پر زیادہ تنقید اچھی چیز نہیں، اچھا کھیلنے والوں کو بھی سراہنا چاہیے، شعیب اور حفیظ سینئر کرکٹرز ہیں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہے، ہم 23 مئی تک ٹیم میں تبدیلی کر سکتے ہیں تو فائدہ کیوں نہ اٹھائیں، پاکستان ٹیم کو جس کی ضرورت ہے ہم نے وہ فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ینگ کھلاڑیوں کی ٹیم ہاری بھی ہے لیکن فتح بھی ملی ہے، رضوان، عابد اور فہیم کو انگلینڈٖ ہی میں روک رہے ہیں، اگر کسی کی ضرورت پڑے گی تو ہمارے پاس بیک اپ ہوگا۔ چیف سلیکٹر کا کپتان کے متعلق کہنا تھا کہ سرفراز جتنا اوپر آ کر کھیلتے ہیں اتنی اچھی کارکردگی دیتے ہیں، سرفراز احمد کی کارکردگی انگلینڈ سے سیریز میں بہتر ہے۔

Share this article

Leave a comment