Thursday, 28 November 2024


گوگل کے نئے فلیگ شپ فون کی جھلک جاری

گوگل کی جانب سے 2016 سے اپنے تیار کردہ اسمارٹ فونز پکسل متعارف کرائے جارہے ہیں مگر ایسا لگتا ہے کہ اسے دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں اپنی ڈیوائسز کو زیادہ نمایاں بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ گزشتہ سال پکسل 3 فون بھی اس کے 2 سال پرانے پکسل جیسے ڈیزائن سے لیس تھا جس میں بہت بڑے بیزل دیئے گئے ہیں جبکہ پکسل 3 ایکس ایل میں ایک بہت بڑا نوچ دیا گیا تھا۔ اب اس کے نئے پکسل 4 ایکس ایل کے خاکے لیک ہوکر سامنے آئے ہیں اور ان کودیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ فرنٹ پر یہ فون دیکھنے میں پکسل تھری جیسا ہے جبکہ بیک پر رواں سال متعارف کرائے جانے والے آئی فون 11 کی نقل کی گئی ہے۔ گوگل پکسل فور سیریز اکتوبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے مگر آن لیکس نامی ٹوئٹر صارف نے اس کے رینڈرز لیک کردیئے ہیں۔ ان لیکس کے مطابق پکسل 4 ایکس ایل میں 6.25 انچ ڈسپلے دیا جائے گا اور چونکہ اس میں بیزل کافی زیادہ ہیں تو یہ کافی بڑا فون محسوس ہوگا۔ گوگل نے بھی اپنے نئے فون کی جھلک خود جاری کی تھی، جن میں بیک پر کیمروں کے لیے چوکور خانہ سا بنا ہوا تھا۔ مگر پہلی بار اس سیریز میں بیک پر 2 یا اس سے زائد کیمرے دیئے جارہے ہیں، اس سے قبل گزشتہ سال پکسل تھری ایکس ایل کے فرنٹ پر تو 2 کیمرے تھے مگر بیک پر ایک ہی کیمرا دیا گیا تھا۔ ویسے نئی لیک تصاویر سے تو عندیہ ملتا ہے کہ پکسل 4 ایکس ایل کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا جبکہ فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر منتقل کردیا جائے گا۔ گوگل کی جانب سے پکسل 4 اور پکسل 4 ایکس ایل رواں سال اکتوبر میں متعارف کرائے جاسکتے ہیں جن میں ٹرو ٹون جیسا ڈسپلے اور جیسٹر کنٹرولز دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔

Share this article

Leave a comment