Friday, 29 November 2024


ورلڈکپ کےپہلےسیمی فائنل کابقیہ کھیل آج پیش کیاجائے گا

مانچسٹر: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور بھارت کا میچ گزشتہ روز بارش سے متاثر ہوا جس کے باعث میچ آج مکمل کیا جائے گا۔

نیوزی لینڈ اپنی ادھوری اننگز 211 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر آج پھر سے شروع کرے گی اور بقیہ 3.5 اوورز کا میچ مکمل ہوگا جس کے بعد بھارت ہدف کا تعاقب کرے گا۔ 

گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، اگر آج بھی میچ بارش سے متاثر ہوجاتا ہے تو بھارت  کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہونے کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گی۔

ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہورہا ہے جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے میچ کا انتہائی سست انداز میں آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ بھی ایک رن پر گئی اور  مارٹن گپٹل صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔

19 ویں اوور میں 69 کے مجموعے پر نکولس 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 

کیم ولیمسن اور ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ پر 65 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 134 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جیمز نیشم اور گرینڈ ہوم بھی بالترتیب 12 اور 16 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ 

نیوزی لینڈ کی اننگز کے دوران 47 ویں اوور میں بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا جب کیویز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے۔

روس ٹیلر 67 اور ٹوم لیتھم 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جب کہ بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار، ہاردک پانڈیا، بمراہ، جدیجا اور چہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 

بارش کے باعث میچ کے لیے اگلا روز بھی متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے اور اس دن بھی میچ نہ ہونے کی صورت پر بھارت پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست ہونے کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گا۔ 

ورلڈکپ میں سیمی فائنل کیلئے بھارت نے 7 ویں مرتبہ کوالیفائی کیا ہے، اس سے قبل وہ 6 مرتبہ سیمی فائنل کھیل چکا ہے جن میں سے اسے 3 میں کامیابی اور 3 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جب کہ ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 8 ویں مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے، کیویز اب تک ورلڈکپ کے 6 سیمی فائنلز میں ناکام اور ایک میں فاتح رہے ہیں۔

Share this article

Leave a comment