Thursday, 28 November 2024


نجی اسکولوں کی رجسٹریشن اور فیس اسٹرکچر آن لائن کرانےکافیصلہ

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کی رجسٹریشن اور فیس اسٹرکچر کو آن لائن کر دیا۔ ویب سائٹ کا افتتاح کل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹ نے نجی اسکولوں کی رجسٹریشن آن لائن کر دی، نجی اسکول مالکان ویب سائٹ Dirprivateschools.gos.pk پر آن لائن فارم بھر کر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔آن لائن رجسٹریشن فارم جمع کرانے کے بعد سلپ کے ساتھ سرکاری فیس محکمہ تعلیم کے بینک اکاؤنٹ میں جمع ہوگی۔ وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ 15 جولائی کو سندھ بوائز آڈیٹوریم میں اس ویب سائٹ کا افتتاح کریں گے۔

رجسٹرار ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹ رفیعہ جاوید کاکہنا ہے کہ وزیر تعلیم اور سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ رجسٹریشن اورفیس اسٹرکچر نظام کو آن لائن کردیا گیا۔ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں اسکولوں کی رجسٹریشن، رینوئل ، ڈیٹ آف برتھ فارم سمیت تمام چیزیں ڈیجیٹل کرکے آن لائن کردی گئی ہیں۔ رفیعہ جاوید نے مزید بتایا کہ نظام کو آن لائن کرنے سے سسٹم میں شفافیت آئے گی، تمام اسکولوں اور بالخصوص والدین کو بھی معلوم ہوگا کہ جس اسکول میں وہ اپنے بچے کو داخل کرارہے ہیں وہ رجسٹرڈ ہے کہ نہیں، اسکول کی فیس کیا ہے اور اسکول کس کس مد میں کون کون سی فیس لینے کا اختیار رکھتا ہے، یہ سب کچھ والدین کے سامنے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کے آن لائن فارم حاصل کرلینے کے بعد ہماری انسپکشن ٹیم فیلڈ میں جائے گی اور جو تفصیلات فارم میں ہونگی انہیں چیک کرے گی۔ اگر تمام چیزیں ہمارے اصولوں کے مطابق ہوئیں تو ان اسکول کو رجسٹریشن دی جائے گی۔

Share this article

Leave a comment