Friday, 29 November 2024


کراچی کےمختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش کاسلسلہ جاری

کراچی: شہر قائد میں آج صبح ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے ہی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہونے سے لوگوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے اور لوگوں نے ابرِرحمت برسنے پر خدا کا شکرادا کیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  صدر، کلفٹن، ڈیفنس، گلشنِ اقبال، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی، پی ای سی ایچ ایس سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش صدر کے علاقے میں 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جب کہ پہلوان گوٹھ، فیصل بیس اور مسرور بیس پر 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع ابر آلودرہنے اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے اتوار سے منگل کے دوران کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں تیز ہواؤں، آندھی اورگرج چمک کے ساتھ مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی تھی۔

پیر اورمنگل کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث کراچی، ٹھٹھہ اور حیدرآباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے، لہذٰا تمام متعلقہ اداروں کو پہلے ہی احیتاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

Share this article

Leave a comment