Friday, 29 November 2024


پیسر کو ابھی 5 یا 6سال مزید کھیلنا چاہیے تھا،کامران اکمل


لاہور:  

کامران اکمل نے محمد عامر کی ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کو غلط فیصلہ قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ پیسر نے نوجوان کرکٹرز کیلیے کوئی اچھی مثال نہیں چھوڑی۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکوخصوصی انٹرویو میں کامران اکمل نے کہا کہ محمد عامر نے صرف 27 سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا حیران کن فیصلہ کیا، اس سے نوجوان کرکٹرز پر اچھا اثر نہیں پڑے گا، میرے خیال میں پیسر کو ابھی 5 یا 6سال مزید کھیلنا چاہیے تھا۔

انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل اور ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو منتخب کرنے سے نوجوان کرکٹرز ڈومیسٹک4 روزہ کرکٹ سے دور ہو رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ مزید کئی کھلاڑی جلد ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیں گے۔

کامران اکمل نے قومی ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترنے کا مشورہ دیا، انھوں نے کہاکہ ورلڈکپ 2015 اور 2019 کی طرح میدان میں نہیں اترنا چاہیے، ٹاپ ٹیمیں بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ عالمی ایونٹ میں شریک ہوتی ہیں، پی سی بی کو چاہیے کہ کپتان اور کوچنگ اسٹاف کو 2 سال دینے کے بعد پرفارمنس کا جائزہ لے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے سلیکشن کے معیار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارمنس کے باوجود مجھے ٹیم سے باہر رکھنا مایوس کن ہے، ایسے کھلاڑیوں کو موقع دیا جا رہا ہے جو 2،3 سال سے ملکی سطح کے مقابلوں میں شریک ہی نہیں ہوئے، امید ہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی آئندہ مستحق کھلاڑیوں کو موقع دے گی، کامران اکمل نے کہاکہ میں جب تک فٹ اور فارم میں ہوں کھیلتا رہوں گا۔

 

Share this article

Leave a comment