Thursday, 28 November 2024


پاکستانی فنکاروں کاکشمیریوں کےساتھ اظہارِ یکجہتی

کراچی: مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز بھارتی مظالم کے خلاف پاکستانی فنکاروں نے بھی شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے ہیش ٹیگ StandWithKashmir# کے ساتھ ٹویٹس اور اسٹیٹس اپ ڈیٹس کا سلسلہ شروع کردیا ہے جو تاحال جاری ہے۔
 
اس حوالے سے حمزہ علی عباسی نے تمام پاکستانی فنکاروں سے، بالخصوص اُن پاکستانی فنکاروں سے جو سوشل میڈیا پر زیادہ فین فالوئنگ رکھتے ہیں، اپنے ایک ٹوئٹر پیغام کے ذریعے درخواست کی کہ وہ کشمیریوں کے حقوق کےلیے آواز اٹھائیں۔پنی ٹویٹس میں انہوں نے لکھا: ’’پوری دیانتداری کے ساتھ خود سے پوچھیے کہ آپ کشمیر کےلیے آواز کیوں نہیں اٹھاتے؟ کیا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا؟ یا یہ سمجھتے ہیں کہ آپ اس بارے میں ذہن بنانے یا کوئی رائے دینے کےلیے مناسب حقائق سے باخبر نہیں؟ یا آپ اس لیے کچھ کرنا نہیں چاہتے کیونکہ اس سے ہندوستان میں آپ کے مداحوں پر یا مستقبل میں وہاں آپ کے ممکنہ کام پر اثر پڑے گا؟… اگر آپ اپنے دل میں احساس رکھتے ہیں کہ ہمارے پڑوس میں بڑے پیمانے پر ظلم ہورہا ہے اور آپ کو اس پر آواز اٹھانی چاہیے (کم سے کم اتنا تو ہم کر ہی سکتے ہیں) لیکن پھر بھی آپ خاموش رہتے ہیں، تو یاد رکھیے کہ یہ ساری فین فالوئنگ ہی آپ کی سب سے بڑی آزمائش بن جائے گی اور آپ اپنی اس خاموشی کےلیے اپنے ربّ کے سامنے جوابدہ ہوں گے۔‘‘
 
بھارت کے بارے میں واضح اور دوٹوک مؤقف رکھنے والے پاکستانی سپر اسٹار شان شاہد نے اپنی ٹویٹ میں گنگا اشنان کرتے ہوئے نریندر مودی کی تصویر لگائی اور تبصرہ کیا: ’’گنگا نہانے سے کشمیری شہیدوں کا لہو نہیں دُھلے گا۔‘‘
 
مہوش حیات نے بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر کلسٹر بم برسانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا، جس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔ ’’یہ صرف جنگی جرائم ہیں۔ دنیا کو جاگنا ہوگا اور ان مظالم کو رکوانا ہوگا،‘‘ انہوں نے لکھا۔

Share this article

Leave a comment