Friday, 29 November 2024


ملک بھرمیں ایک بارپھربارش کی پیشن گوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھرمیں ایک بارپھربارش کی پیشن گوئی کردی،
 
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بارش متوقع ہے جبکہ پشاور، مردان، ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بھی باران رحمت کا امکان ہے۔جبکہ کراچی میں بارش کو کوئی پیشن گوئی نہیں کی گئی۔
 
ادھر ملک میں حالیہ بارشوں کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے۔ دریائے راوی اور چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے سندھ اور کابل میں بھی پانی کا بہاؤ بڑھ رہا ہے۔
 
نارووال میں جسٹر کے مقام پر پانی کا بہاؤ 11 ہزار سے بڑھ کر 51 ہزار کیوسک ہو گیا ہے۔ لاہور کے قریب شاہدرہ میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے قریبی آبادیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
 
سیالکوٹ کے قریب دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 1 لاکھ 24 ہزار 913 اور اخراج 102513 کیوسک ہے۔
 
جموں توی میں پانی کی آمد 11465 کیوسک اور مناور توی میں پانچ ہزار ایک سو اکہتر کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
 
دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں سے 67 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ دریائے سندھ میں بھی پانی کی سطح بلند ہے۔
 
گڈو کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 68 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ خان پور کی نہر میں بستی پہوڑاں کے قریب 20 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا جس سے فصلیں زیر آب آ گئیں اور پانی قبرستان میں بھی داخل ہو گیا۔

Share this article

Leave a comment