Friday, 29 November 2024


میں سمجھتا ہوں مولانا فضل الرحمان 27 اکتوبر کو نہیں آئیں گے، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ کسی کے کہنے پر حکومت نہیں گرے گی اور اسلام آباد آنے والے لوگ ملک کے خلاف آئیں گے۔
 
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی مدرسے کی رجسٹریشن منسوخ نہیں کی جائے گی، مدارس کا نصاب تبدیل نہیں کیا جا رہا بلکہ انہیں اعلی تعلیم دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، کسی کے کہنے پر حکومت نہیں گرے گی۔ پی ٹی آئی حکومت پاکستان کے عوام لے کر آئے ہیں، جب تک عوام کا اعتماد رہے گا کوئی پی ٹی آئی حکومت نہیں ہٹاسکتا۔
 
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کا کام ہے، عمران خان کے دھرنے کے وقت صورتحال کچھ اور تھی، غلط وقت پرصحیح بھی کرو تو غلط ہی ہوتا ہے اور مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کا وقت صحیح نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان کو ناموس رسالت کا پورا پاس ہے، اس حوالے سے کوئی مارچ درست نہیں، اسلام آباد آنے والے لوگ ملک کے خلاف آئیں گے۔ اسلام آباد میں دفعہ 144 ہے، میں سمجھتا ہوں مولانا فضل الرحمان 27 اکتوبر کو نہیں آئیں گے، اللہ تعالی کسی بھی وقت ہدایت دے سکتا ہے، مولانا کو بھی ہدایت ہوگی۔
اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ 3 بار نوازشریف کو وزیراعظم بنانے پرعوام کو کیا ملا؟ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے ریاست مدینہ کی بات کی، وزیر اعظم کابینہ میٹنگ میں مخلوق خدا کی خدمت سے متعلق ہروزیر سے پوچھتے ہیں، ہر کام کے لئے پیسہ چاہیے جو پیسہ لے گئے ان سے متعلق میڈیا سوال پوچھتا ہی نہیں ،یہ اکیسویں صدی ہے پولیس کے ٹارچر سیل کہیں پر بھی منظور نہیں۔

Share this article

Leave a comment