Friday, 29 November 2024


موسمیات کی تبدیلی سےسمندری حیات کوزندگی مل گئی

اسپین: ماہرین نے کہا ہے کہ آب و ہوا میں تبدیلی سے ختم ہونے والے مونگے اور مرجان اب دوبارہ زندگی کی جانب لوٹ رہے ہیں۔

ہم جانتے ہیں کہ سمندروں کے اندر کورل جمع ہوکرریف بناتے ہیں اور ان کے نیچے طرح طرح کی مچھلیاں، شرمپ، لابسٹر اور دیگر سمندری جاندار پروان چڑھتے ہیں۔ اسی بنا پر مرجانی چٹانوں کو سمندری حیات کی نرسریاں بھی کہا جاتا ہے۔

اس سے قبل ماہرین کا خیال تھا کہ سمندروں کا درجہ حرارت بڑھنے سے مونگے تیزی سے فنا ہورہے ہیں اور آبی حیات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ اب یہ معلوم ہوا ہے کہ بعض مونگے اور مرجان سکڑ کر دھیرے دھیرے ختم ہونے لگتے ہیں لیکن جیسے ہی حالات بہتر ہوتے ہیں وہ دوبارہ پھلنے پھولنے لگتے ہیں۔ یہ ایک ایسا عجیب و غریب مظہر ہے جس کا اس سے قبل مشاہدہ نہیں کیا گیا تھا۔

پوری دنیا کے سمندروں کا پانی گرم سے گرم ترہوتا جارہا ہے اور یوں حساس مرجانی چٹانیں تیزی سے متاثر ہورہی ہیں۔ ان میں مشہور ’گریٹ بیریئر ریف‘ بھی شامل ہے جو شدید متاثر ہوکر تباہی کے دہانے پر جاپہنچا ہے۔ لیکن ماہرین نے ایک خاص قسم کے مونگے Cladocora caespitosa کو بحال ہوتے دیکھا ہے۔

یونیورسٹی آف بارسلونا کے ڈیاگو کرسٹنگ اور کرسٹینا لینرس نے مسلسل 16 برس تک اس مونگے کی چٹانوں کو مشاہدہ کرکے بتایا ہے بڑے پیمانے پر متاثر ہونے کے باوجود بھی کورل کی یہ قسم دوبارہ فروغ پاسکتی ہے ۔ انہوں نے دیکھا کہ کورل کی کلیاں یا پولپس دھیرے دھیرے سکڑیں اور بے جان نظر آئیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کی نشوونما ہوئی اور وہ دوبارہ اگنے لگیں۔

اس بنیاد پر کہا جاسکتا ہے کلائمٹ چینج سے تباہ ہونے والے کورال دوبارہ فروغ پاسکتے ہیں۔

Share this article

Leave a comment