لاہور: لاہور میں ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ کا میلہ ہفتے سے سجے گا پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں نے پہلے ٹی ٹوئنٹی معرکے کیلیے تیاریاں مکمل کر لیں ہوم سیریز میں ناکام رہنے والی مہمان ٹیم کیخلاف گرین شرٹس فیورٹ ہیں پلیئرز نے گذشتہ روز بھرپور پریکٹس کرتے ہوئے صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
اس بار بھی میزبان ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے،پاکستان کو آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیلنے میں مصروف ندا ڈار کی خدمات حاصل نہیں،تجربہ کار اسپنر ثنا میر بھی پہلے ٹی ٹوئنٹی کیلیے دستیاب نہیں،حالیہ مقابلے انگلینڈ سے سیریز کی تیاریوں میں معاون ثابت ہونگے۔ قومی ٹیم کی کپتان بسمہٰ معروف کا کہنا ہے کہ سیریز سے قبل 10 روزہ کیمپ میں فیلڈنگ پر خاص توجہ دی گئی، بیٹرز اور بولرز بھی بھرپور فارم میں ہیں۔
گرین شرٹس نے فیلڈنگ ڈرلز کے بعد بیٹنگ اور بولنگ میں صلاحیتیں نکھارنے کا کام کیا،عالیہ ریاض نے مسلسل اونچے اسٹروکس کھیلے،بنگلہ دیشی ویمن کرکٹرز نے بھی نیٹ سیشن میں دل کھول کر شاٹسکھیلے،بولرز نے سنگل وکٹ کو نشانہ بناتے ہوئے لائن اور لینتھ پر کام کیا۔