Thursday, 28 November 2024


اوگراکی پالیسی کےخلاف 28اکتوبرسےغیرمعینہ مدت کیلیےتیل کی سپلائی بند

فیصل آباد: آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن ،ڈرائیورز ایسوسی ایشن اور ڈیلرز نے اوگرا کی پالیسی کے خلاف 28اکتوبر سے غیر معینہ مدت کیلیے تیل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان کردیا۔

تمام تنظیموں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں اوگرا کے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا، شرکا نے اوگراکی نئی پالیسی کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کردیا، شرکا نے کہا کہ اوگرا حکام کی طر ف سے بائیس صفات پر مشتمل پالیسی دی گئی ہے جس میں گاڑیوں کی اسٹینڈرڈ اور ایس او پیز بتائے گئے ہیں،گاڑیوں پر وزن اٹھانے ،انجن کی سروسز،گیئر باکس ،کلچ،سسپنشن ،وہیل اینڈ ٹائرز ،بریک سسٹم ،الیکٹر ک سسٹم اور ٹینک کے ڈیزائن سمیت ٹینکرز کیلیے اسٹینڈرز دیے گئے ہیں۔

 اجلاس کے شرکا نے کہا کہ وہ پہلے سے ہی اوگرا کی پالیسیوں کے مطابق ٹینکر چلا رہے ہیں اب نئی پالیسی پر عمل کرانا ناانصافی ہے، مالکان نے ٹینکرز بنانے کیلیے لاکھوں روپے خرچ کیے مزید اخراجات برداشت کرنے کی سکت نہیں، عہدیداروں نے اعلان کیا کہ ڈویژن فیصل آباد کے اضلاع جھنگ ،چنیوٹ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سپلائی بند رکھی جائے گی۔
 

 چیئرمین آئل ٹینکرزایسوسی ایشن  شرافت خٹک کاکہناہے اوگرا نے گاڑیوں میں تبدیلیوں کیلیے28 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے، ڈیڈ لائن کو موخر کرکے مذاکرات کیے جائیں، ڈیڈ لائن کے بعد پکڑ دھکڑ کی گئی تو ہڑتال پر مکمل طور پر عمل شروع کردیا جائے گا۔

Share this article

Leave a comment