Friday, 29 November 2024


سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت ایک بار پھر بگڑگئی

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت ایک بار پھر بگڑگئی ہے جب کہ انہیں میگاکٹس لگانے پر گردے خراب ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ نواز شریف کو مزید میگا کٹس لگانے یا نہ لگانے کا فیصلہ نہیں کرسکا، نواز شریف کو اسٹیرائیڈز دینے سے گردے متاثر ہونے لگے ہیں، میگا کٹس نہ لگائیں تو پلیٹ لیٹس نہیں بڑھ سکتے اور اگر میگا کٹس لگائیں تو گردوں کو نقصان پہنچے گا لہذا ڈاکٹرز اس معاملے پر شش و پنج کا شکار ہیں۔

بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا بلڈ یوریا بھی بڑھ گیا ہے جو نارمل رینج 50 سے بڑھ کر 63 ہوگیا ہے، میڈیکل بورڈ نواز شریف کے فیملی ڈاکٹر سے مشورہ کے بعد مزید فیصلہ کرسکے گا۔

سربراہ میڈیکل بورڈ ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی حالت تاحال ناساز ہے، ان کے پلیٹلیٹس کی تعداد غیر متوقع طور پر تیزی سے اپ ڈاؤن ہو رہی ہے، ابھی پلیٹلیٹس کی تعداد 25 ہزار ہے تاہم ان کی طبیعت 30 ہزار تک پہنچنے کے بعد نارمل تصور ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک نواز شریف نے کسی اور اسپتال جانے کی خواہش ظاہر نہیں کی جب کہ آج ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج سے پنجاب حکومت کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

Share this article

Leave a comment