Friday, 29 November 2024


سمندری طوفان ’بلبل‘نے تباہی مچادی

 ڈھاکہ: سمندری طوفان ’بلبل‘ بھارت اور بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ ہزاروں مکانات تباہ اور 5 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والا سمندری طوفان ’بلبل‘ بھارت اور بنگلا دیش کے ساحلوں سے ٹکرا گیا، دونوں ممالک کے ساحلی علاقوں میں تند و تیز ہواؤں کے جھکڑ کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مختلف واقعات میں بنگلادیش میں 8 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ  بھارتی شہر کلکتہ میں 3 اور ریاست اوڈیشا میں 4 شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ تیز ہواؤں اور بارشوں کے باعث ہزاروں مکانات تباہ ہوگئے، بنگلادیش سے 3 لاکھ اور بھارت میں سوا لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

دونوں ممالک نے متاثر جنوبی ساحلی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام تک طوفان کی شدت میں کمی کا امکان ہے تاہم شہری بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے سے اجتناب برتیں اور میونسپل اداروں کی ہدایات پر پوری طرح عمل کریں۔

Share this article

Leave a comment