Friday, 29 November 2024


 گیارہ سال کی عمر میں ایک نہیں بلکہ تین مختلف انڈرگریجویٹ کی ڈگریاں حاصل کرنے کا اعزاز

ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)ایک امریکی لڑکے تنعشق ابراہیم نے گیارہ سال کی عمر میں ایک نہیں بلکہ تین مختلف انڈرگریجویٹ کی ڈگریاں حاصل کرنے کا اعزاز پایا ہے. تنعشق ابراہیم نے پچھلے سال 10 سال کی عمر میں ہائی اسکول سے گریجویشن مکمل کیا تھا، اور صرف ایک سال بعد انھوں نے یونیورسٹی سطح کی ڈگری حاصل کر کے دوسرا سنگ میل طے کیا ہے۔ کیلی فورنیا کے رہائشی تنعشق ابراہیم سیکرا منٹو میں' امریکن ریور کالج' کے طالب علم ہیں اور ہائی اسکول میں کالج کورسز لینے کی وجہ سے  محض ایک سال کے اندر تین ایسوسی ایٹ یا دوسالہ یونیورسٹی ڈگریاں لینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ کالج سے قبل تنعشق گھر پر تعلیم حاصل کرتے رہے ہیں۔

تنعشق نے مئی کے آخر میں امریکن ریور کالج سے  ریاضی اور طبی علوم، جنرل سائنس اور غیر ملکی زبانوں کی تعلیم میں بہترین انڈر گریجویٹ کی اوسطاً 4.0 گریڈ پوائنٹ کے ساتھ  کامیابی حاصل کی۔ گذشتہ برس انھیں صدر براک اوباما کی جانب سے توجہ حاصل ہوئی تھی، جنھوں نے دس سال کی عمر میں ہائی اسکول مکمل کرنے پر تنعشق کو مبارکباد کا خط بھیجا تھا . تنعشق امریکی ٹی وی پر ایک چائلڈ اسٹار کے طور پر جانےجاتے ہیں، وہ امریکی ٹی وی پروگرام 'چائلڈ جینئس' اور 'امریکہ موسٹ ٹیلنٹیڈ کڈز' شوز میں حصہ لیتے ہیں۔

تنعشق نے اپنی کامیابی کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ 'شاندار احساسات کے ساتھ، عظیم منزل ک طرف ننھے قدموں کی پہلی کامیابی'۔ تنعشق نے فاکس فورٹی سے ایک انٹرویو میں کہا 'مجھے سیکھنا پسند ہے اور میں اپنے جنون کی پیروی کرتا ہوں جس کا نتیجہ اس طرح سامنے آتا ہے۔ تنعشق نے پانچ سال کی عمر میں اسٹین فورڈ یونیورسٹی کا تسلیم شدہ پانچویں جماعت کا ریاضی کا کورس چھ ماہ میں مکمل کر لیا اور چھ سال کی عمر میں آن لائن ہائی اسکول اور کالج کورسز مکمل کئے جس میں ان کےمضامین کیمیا،  حیاتیات اور علم ارضیات تھے۔ سات سال کی عمر میں جینئس تنعشق نے امریکن ریور کالج میں انرولمنٹ حاصل کیا جس کے ساتھ انھیں امریکی کالج کے کم عمر ترین طالب علموں میں سے ایک ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔

آٹھ سال کی عمر میں تنعشق نے آسٹرولوجی اور علم ارضیات اور بائیو ٹیکنالوجی کورس اے گریڈ سے مکمل کیا اور ایسوسی ایٹ ڈگری کے لیے 42 کریڈٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ مستقبل میں تنعشق نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر، طبی محقق یا امریکی صدر بننے کے خواہش مند ہے اور اب وہ بیچلرز کی ڈگری کے حصول کی تیاری کر رہے ہیں۔ تنعشق کے والد سافٹ وئیر انجینئر بیجو ابراہیم اور والدہ تاجی ابراہیم مویشیوں کی ڈاکٹر ہیں جبکہ ان کی 9 سالہ بہن ٹی یارا ابراہیم نے بھی چار سال کی عمر میں ذہانت کے ٹیسٹ میں ہائی اسکور حاصل کر کے مینسا کی رکنیت حاصل کی۔

چار سال کی عمر میں تنعشق نے مینسا کے آئی کیو اسٹینڈرڈ ٹیسٹ میں  99.9 اسکور حاصل کیا اور مینسا کے کم عمرترین ارکان کی صف میں شامل ہوگئے۔ علاوہ ازیں تنعشق اور ان کی بہن ٹی یارا جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے مینسا کے کم عمر ترین بہن بھائی ارکان ہیں۔

Share this article

Leave a comment