کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی نے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور ڈائس فاؤنڈیشن امریکاکے اشتراک سے کلیہ فنون و سماجی علوم جامعہ کراچی منعقدہ ’’ڈائس ورچوئل اینوویشن کمپیٹیشن 2019‘‘ سے خطاب میں کہا ہے کہ ملک کی آبادی کاایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، حکومت کو انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کیلیے سازگار پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف ہماری نوجوان نسل کوروزگارکےمواقع میسر آئیں گے، معیشت میں بہتری اور غربت میں کمی واقع ہو گی۔
ڈائریکٹرانٹی لیکچول پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان (آئی پی او پاکستان) سید نصراللہ نے کہا کہ کسی بھی ایجاد کا بنیادی مقصد اس کو اپنے نام سے محفوظ کرنا ہے، دنیا بھر میں لوگوں نے چھوٹی چھوٹی ایجادات کے ذریعے لاکھوں روپے کمائے اوریہ صرف اور صرف پیٹنٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہاکہ ہمارے طلبہ میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، انھیں صرف مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈائس ورچوئل اینوویشن کمپٹیشن2019 میں جامعہ کراچی کے 70 سے زائد مختلف شعبوں، سینٹرز اور انسٹی ٹیوٹس کی ٹیموں نے حصہ لیا اور اپنے پروجیکٹس پیش کیے