Friday, 29 November 2024


پاک بحریہ کے جہازوں کی ترکی میں منعقدہ بین الاقوامی بحری مشقوں میں شرکت

پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس عالمگیر اور P3C ائیر کرافٹ نے ترکی میں منعقدہ بین الاقوامی بحری مشقوں میں شرکت کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ مشقیں 9 سے 21 نومبر تک بحیرہ روم میں منعقد کی گئیں۔ پاکستانی جہازوں نے ترک بحریہ کے ساتھ مشرقی بحیرہ روم میں منعقدہ پاکستان اور ترکی کے مابین دوطرفہ مشق میں بھی بھرپور شرکت کی۔

مشقوں میں بارہ سے زائد ممالک کی افواج نے شرکت کی جس کا مقصد مختلف مہارتوں اور باہمی حربی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ ترکی کی بندرگاہ اکساز کے دورے کے دوران پی این ایس عالمگیر پر استقبالیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

استقبالیہ میں ترک بحریہ کے اعلیٰ حکام، پاکستانی کمیونٹی، ایکسرسائز میں شامل دوسرے جہازوں کے افسران، سفارتی اور مقامی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس دورے کے دوران کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیر پر پاکستان کے اُصولی موُقف پر بھی بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کرائی گئی۔

Share this article

Leave a comment