Thursday, 28 November 2024


خلیل الرحمان نے فلم بنا کرآئی ایس پی آرکےپیسےضائع کردئیے

کراچی: اداکارہ ومیزبان عفت عمر نے پاکستان کے نامور ہدایت کار و مصنف خلیل الرحمان قمر پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔
 
اداکارہ عفت عمر نے حال ہی میں مقامی ویب سائٹ انٹرٹینمنٹ پی کے کو دئیے گئے انٹرویو میں ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ اور فلم ’’کاف کنگنا‘‘ کے مصنف و ہدایت کار خلیل الرحمان قمر پر تنقید کرتے ہوئے پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔
 
اداکار عفت عمر نے خلیل الرحمان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم’’کاف کنگنا‘‘ کے بارے میں کہا کہ خلیل الرحمان نے یہ فلم بنا کر آئی ایس پی آر کے پیسے ضائع کردئیے۔ انہوں نے عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو ضائع کیا جس کے لیے ان کا احتساب کیا جانا چاہیے۔
 
عفت عمر نے مزید کہا ’’کاف کنگنا‘‘ کا معیار انتہائی پست تھا لہذٰا میں آئی ایس پی آر کو کہنا چاہوں گی کہ اس شخص پر عارضی طور پر پابندی عائد کی جانی چاہیے۔ یہ بات عفت عمر نے ہنستے ہوئے مذاق میں کہی۔
 
اداکارہ عفت عمر نے خلیل الرحمان قمر کو ان کے عورتوں کی برابری سے متعلق ریمارکس جس میں انہوں نے کہا تھا کہ خواتین برابری چاہتی ہیں تو مردوں کا گینگ ریپ بھی کرلیں پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں خلیل الرحمان کے ان خیالات سے میں بالکل بھی متفق نہیں ہوں۔ چاہے کچھ بھی ہوجائے آپ ریپ جیسے حساس موضوع پر مذاق نہیں کرسکتے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ خلیل الرحمان بہت اچھے
مصنف ہیں۔ میں ان کی عزت کرتی ہوں لیکن اگر ان کی یہی ذہنیت ہے تو میں حیران ہوں کہ اس طرح کی ذہنیت والا کوئی انسان اتنا اچھا کیسے لکھ سکتا ہے۔
 
عفت عمر نے خلیل الرحمان قمر کے ماضی میں دئیے گئے ایک انٹرویو جس میں انہوں نے اداکارہ صبا حمید، محمود اسلم اور عروہ حسین کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ زندگی میں ان اداکاروں کے ساتھ کبھی کام کرنا نہیں چاہیں گے، پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خلیل الرحمان نے سینئر اداکاروں کی سب کے سامنے بے عزتی کی۔ ان کی ہمت کیسے ہوئی ان اداکاروں کے متعلق اس طرح کی باتیں بولنے کی جنہوں نے اس انڈسٹری میں اپنی پوری زندگی گزار دی۔ آپ ایسے ہی کسی کے بھی متعلق کچھ نہیں بول سکتے۔

Share this article

Leave a comment