Thursday, 28 November 2024


بحریہ یونیورسٹی میں کانووکیشن کاانعقاد

کراچی : بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس ، انسٹیٹیوٹ آف پروفیشنل سائیکالوجی کے 16 ویں اور پاکستان نیوی اسکول آف لاجسٹکس کے 8ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔
 
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نشان امتیاز (ملٹری) نے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فارغ التحصیل طلبا میں اسناد تقسیم کیں۔ کانووکیشن میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے مجموعی طور پر 763طلبا میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
 
مہمان خصوصی نے امتیازی حیثیت حاصل کرنے والے طلبا کو 37سونے اور 29چاندی کے تمغوں سے بھی نوازا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نشان امتیاز(ملٹری) نے بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس اور پاکستان نیوی اسکول آف لاجسٹکس کی قوم اور ملک کی خدمت کرنے پر تعریف کی۔نیول چیف نے بحریہ یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے اور میری ٹائم ڈسپلن کا آغاز کرنے پر باقی اداروں سے سبقت لے جانے پر کاوشوں کو سراہا۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یہ جان کر نہایت خوشی ہوئی ہے کہ بحریہ یونیورسٹی دور جدید کے تقاضوں کے عین مطابق اپنے طلباکو تعلیمی ضروریات سے آراستہ کر رہی ہے۔
 
انہوں نے کثیر الجہتی تعلیم کے فروغ اور طلباکے دیگر ممالک کے ساتھ تبادلے کے پروگرامز پر یونیورسٹی کی تعریف کی۔اس سے پہلے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل کلیم شوکت ہلال امتیاز (ملٹری) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحریہ یونیورسٹی مستقبل کے تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے طلباکو جدید تعلیم سے آراستہ کر رہی ہے۔

Share this article

Leave a comment