Thursday, 28 November 2024


روزانہ دوسیب کھائیے اوربُرے کولیسٹرول کو دوربھگائیے

روزانہ دو سیب کھائیے اور بُرے کولیسٹرول کو دور بھگائیے  

لندن : سیب کھاؤ اور ڈاکٹر بھگاؤ کی مثل ہم سنتے آئے ہیں جس میں بڑی حد تک صداقت بھی ہے لیکن اب روزانہ دو سیب کھانے سے کولیسٹرول میں بھی کمی واقع ہوسکتی ہے۔

یہ بات ایک نئے مطالعے سے سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خون میں مضرِ صحت یا ’برے کولیسٹرول‘ کے شکار خواتین و حضرات اگر چند ہفتوں تک روزانہ دو سیب کھائیں تو اس سے چار سے پانچ فیصد تک کولیسٹرول کم ہوجاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سیب میں ریشہ (فائبر) اور پولی فینولز موجود ہوتے ہیں۔

سیب اور کولیسٹرول میں کمی کا تعلق اب تک سامنے نہیں آسکا لیکن سائنس دانوں کا اصرار ہے کہ شاید بعض قسم کے پولی فینولز کولیسٹرول گھٹانے کی وجہ بنتے ہیں۔ وجہ کوئی بھی ہو کولیسٹرول کی دل دشمنی بالکل واضح ہے۔ یہ خون کی شریانوں میں چربی جمع کرکے اسے تنگ کرتی ہے جس سے خون کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے۔ اس طرح امراضِ قلب اور فالج جیسے خطرات پیدا ہوجاتے ہیں۔

برطانیہ میں ریڈنگ یونیورسٹی سے وابستہ پروفیسر جولی لوگرو نے درمیانی عمر کی 40 خواتین اور حضرات کو دو حصوں میں تقسیم کیا۔ ان میں سے ایک گروہ کو سیب کا رس دیا گیا اور دوسرے کو روزانہ دو سیب کھلائے گئے۔ چھ ہفتے بعد جن افراد نے سیب کھایا تھا ان میں برے کولیسٹرول کی چار سے پانچ فیصد مقدار کم ہوگئی۔

اگرچہ یہ فرق قدرے کم ہے لیکن کسی دوا کے بغیر محض غذا کے ذریعے کولیسٹرول میں کمی ایک بہترین عمل ہے جس کے ذریعے علاج بالغذا کی راہیں کھل سکتی ہے۔

دیگر ناقدین کا کہنا ہے کہ اس مطالعے میں بہت کم لوگ شامل کیے گئے ہیں اور ضروری ہے کہ دیگر تمام عوامل کو شامل کرتے ہوئے ایک بڑی آبادی پر اس کے اثرات دیکھے جائیں۔

 

 

Share this article

Leave a comment