Thursday, 28 November 2024


لاہورایئرپورٹ پرآنےاورجانے والی پروازیں منسوخی اورتاخیرکا شکار

لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی 5 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ 10 تاخیر کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند ہے اور رن وے پر حد نگاہ 600 میٹر رہ گئی ہے۔

دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی 5 پروازیں منسوخ جبکہ 10 تاخیر کا شکار ہیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے اوسلو جانے والی پرواز پی کے 751، دمام سے لاہور آنے والی پرواز ایکس وائی 883، لاہور سے دمام جانے والی پرواز ایکس وائی 884، ابو ظہبی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 264 اور لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 307 منسوخ کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے کویت جانے والی پرواز 502 ساڑھے 7 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ ریاض سے لاہور آنے والی پرواز ایکس وائی 317 چھ گھنٹے، ریاض جانے والی پرواز ایکس وائی 318 پانچ گھنٹے 45 منٹ اور لاہور سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 755 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

اسی طرح لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 303 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہے جبکہ لاہور سے جدہ کی دو طرفہ پروازیں بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکارہوگئی ہیں۔

پروازوں میں تبدیلی کے پیش نظر پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ اپنے ٹکٹس بک کرواتے ہوئے موبائل نمبرز کا ضرور اندراج کروائیں تاکہ ان کو پروازوں میں ردوبدل سے مطلع کیا جاسکے۔

ترجمان پی آئی اے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل پی آئی اے کال سینٹر سے اپنی مطلوبہ پرواز کے متعلق معلومات بھی حاصل کریں۔

 

Share this article

Leave a comment