Friday, 29 November 2024


امیگریشن عملہ مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے

اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن عملے کو بیرون ملک جانے والے مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن عملے کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے، عملے کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

ذرائع کے مطابق امیگریشن عملے لیے احکامات ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد ایئرپورٹ کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں۔

ضابطہ اخلاق سے متعلق جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن عملے کا مسافروں سے بد تمیزی اور نا مناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، بیرون ملک جانے والے مسافروں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔

عملے کو کہا گیا ہے کہ امیگریشن کاؤنٹر پر آنے والے مسافر کو عملہ پہلے سلام کرے اور پھر بات کی جائے، اس سلسلے میں مسافروں کو گڈ مار ننگ اور گڈ ایوننگ کہا جائے، مسافروں سے بدتمیزی اور نامناسب رویہ کسی صورت اختیار نہ کیا جائے، ایسے رویے پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

احکامات میں یہ بھی شامل ہے کہ تمام امیگریشن کا عملہ صاف یونیفارم پہنے اور صفائی کا خاص خیال رکھے۔

Share this article

Leave a comment