Friday, 29 November 2024


اوقاتِ کارمیں تبدیلی کےساتھ موسمِ سرماکی عدالتی تعطیلات کااعلان

اسلام آباد : ہائیکورٹ نے سردیوں کی تعطیلات کا اعلان کردیا، عدالتی اوقات کار میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، تعطیلات میں ہائیکورٹ رجسٹری درخواستیں موصول کرنے کیلئے کھلی رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سردیوں کی تعطیلات اور عدالتی اوقات کارکا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی تعطیلات میں ڈیوٹی پر ہوں گے جبکہ جسٹس عامر فاروق، جسٹس غلام اعظم 24سے31دسمبرتک چھٹی پر ہوں گے، جسٹس میاں گل حسن 2سے10جنوری تک چھٹی پرہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز24 سے28 دسمبر تک چھٹی پرہونگی، جسٹس فیض احمد جندران یکم سے 10 جنوری تک چھٹی پرہونگے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سردیوں کی تعطیلات میں صرف ارجنٹ کیسسز سنیں جائیں گے، دوران تعطیلات صرف ضمانت کی درخواستوں پرسماعت ہوگی، تعطیلات میں ہائیکورٹ رجسٹری درخواستیں موصول کرنے کیلئے کھلی رہیں گی۔

اس کے علاوہ سردیوں کی تعطیلات کی وجہ سے عدالتی اوقات کار بھی تبدیل کیے گئے ہیں، دوران تعطیلات پیر تا جمعرات عدالتی اوقات 9:30 تا 1:30 رہے گی، بروز جمعہ عدالتی اوقات صبح 9 سے 12:30 تک ہوں گے۔

 

Share this article

Leave a comment