Thursday, 28 November 2024


عاصم اظہرنےمعذرت کرلی

گلوکارعاصم اظہرنے پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کے آفیشل گانے’’تیار ہیں‘‘ کو شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اترنے اور لوگوں کی جانب سے گانا پسند نہ کیے جانے پر معافی مانگ لی۔
 
سوشل میڈیا پر مایوس مداحوں کی جانب سے گانے اور پی سی بی پر شدید تنقید کاسلسلہ جاری ہے اور لوگ شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہےہیں کہ یہ گانا سن کر ان کا وقت ضائع ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر تنقید اس حد تک بڑھ گئی کہ گلوکار عاصم اظہر نے شائقین کی توقعات پر پورا نہ اترنے پر معافی مانگ لی۔
 
عاصم اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کرکٹ کے ایک پاگل پرستار کے طور پرمیں سمجھ سکتا ہوں کہ کر کٹ اور پی ایس ایل پاکستانیوں کے لیے کتنا اہم ہے۔ لہٰذا میں ان تمام مداحوں سے معذرت خواہ ہوں جن کی امیدوں پر میں پورا نہیں اتر سکا۔ میں جانتا ہوں آپ لوگ سال کے اس وقت کے لیے کتنا انتظار کرتے ہیں لیکن ہم سب نے اچھی نیت کے ساتھ، اپنے ملک اور کرکٹ کی محبت میں بہترین اور کچھ مختلف کرنے کی پوری کوشش کی۔ اور وہ تمام لوگ جنہیں گانا پسند آیا میں آپ کی محبتوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں اور میں ایک بار پھر ان تمام لوگوں سے معافی مانگنا چاہتاہوں جو گانا سن کر مایوس ہوئے۔ بھروسہ کریں کرکٹ کا مداح ہونے کے ناطے میں اسے سمجھ سکتا ہوں۔
 
عاصم اظہر نے مزید لکھا میں اپنے تمام پاکستانیوں سے کہنا چاہتا ہوں پی ایس ایل کا ترانہ کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ یقینی طورپر آپ سب کو حق ہے اسے پسند یا ناپسند کرنے کا لیکن سمجھنے کی کوشش کریں ہم نے یہ ایک ہی مقصد کے لیے کیا ہے کرکٹ اورپی ایس ایل کی بہتری کے لیے اور سب سے ضروری بات اپنے پاکستان کے لیے۔ پی ایس ایل کے سارے ترانے ہمارے ہیں اگر بدقسمتی سے ایک آپ کو پسند نہیں آیا تو آپ کے پاس لطف لینے کے لیے دوسرے ترانے بھی ہیں۔

Share this article

Leave a comment