Friday, 29 November 2024


جامعہ اردوکےتحت”کیمیکل انجینئرنگ میں جدیدرجحانات“کےموضوع پرسیمینار

وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت”کیمیکل انجینئرنگ میں جدید رجحانات“ کے موضوع پرسیمینار منعقدہوا۔ سیمینار میں ہونے والے لیکچرسے خواجہ فرید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (رحیم یار خان)کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جامعہ اردوکے طلبہ خواجہ فرید یونیورسٹی کا دورہ کریں اور دونوں جامعات کے طلبہ ایک دوسرے سے تجربہ حاصل کریں۔انہوں نے وفاقی اردو یونیورسٹی سے باہمی معاہدہ دستخط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو دنیا کی دیگر جامعات میں بھیجا جائے تاکہ ان کی تعلیم و تحقیق میں مزیداضافہ ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کیمیکل انجینئرنگ کی بہت اہمیت ہے رحیم یار خان میں بہت بڑی بڑی انڈسٹریز موجود ہیں جہاں طلباء و طالبات ٹریننگ حاصل کرکے مہارت میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

 تقریب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیراوررجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیرنے بھی خطاب کیا۔پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر نے کہا کہ وفاقی جامعہ اردو میں ہونے والی تحقیق میں ہمارے طلبہ بڑی محنت اور لگن کے ساتھ کام کررہے ہیں جامعہ اردو شعبہ کیمیاء کے ریسرچ پروجیکٹ کے تحت قدرتی اجزاء سے تیار کی جانے والی مصنوعات کو ایوارڈ سے نوازا گیایہ پروڈکٹ چند دن میں مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اساتذہ طلبہ کو تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ رواداری،تحمل،برداشت اور امن سازی کو اپنانے کیلئے وفاقی اردو یونیورسٹی اپنا مکمل کردار ادا کر رہی ہے۔

 رجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے کہا کہ جامعہ اردو کے تمام شعبے تحقیق کے میدان میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ہم تحقیق کے ساتھ ساتھ ریسرچ لیکچر پر بھی توجہ دے رہے ہیں تاکہ طلبہ کو سیکھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع حاصل ہوسکیں۔اس موقع پر،رکن سینیٹ ڈاکٹر سید طاہر علی، ڈاکٹر سحر افشاں،ڈاکٹر کوثر،ڈاکٹر صائمہ خالق،ڈاکٹر سعدیہ خلیل،ڈاکٹر عروج ہارون،ڈاکٹر فوزیہ اورڈاکٹر عطیہ حسن و دیگر موجود تھے

Share this article

Leave a comment