Thursday, 28 November 2024


گورنرسندھ عمران اسماعیل کا Deaf Reach School & College کادورہ

کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گلستانِ جوہر میں واقع Deaf Reach School & College کا دورہ کیا اوراسکول و کالج کے مختلف کلاس رومز میں جاکر طالب علموں کو فراہم کی جانے والی تعلیم کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

گورنرسندھ نے کمپیوٹر لیب، سائنس لیب کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات کو سراہا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کاکہنا تھاکہ سماعت سے محروم بچوں کو اعلیٰ درجہ کی تعلیم کی مفت فراہمی پر ادارہ کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اس ادارہ کے طالب علموں کا ٹیلنٹ دیکھ کر وہ بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ انہیں قوی امید ہے کہ اس ادارے سے فارغ التحصیل بچے معاشرے میں اہم خدمات انجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل بچے صلاحیتوں کے اعتبار سے دوسرے بچوں سے کسی طور کم نہیں ہوتے بلکہ بعض اسپیشل بچے عام بچوں سے کہیں زیادہ ٹیلنٹڈ ہوتے ہیں جس کا ثبوت اس ادارے کے طالب علم ہیں۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر اسکول کے لئے اپنی جانب سے ایک لاکھ روپے ماہانہ دینے کا اعلان بھی کیا۔

ادارہ کے بانی اور ڈائریکٹر رچرڈ گیری نے گورنر سندھ کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسکول کی 7 برانچیں ملک بھر میں کام کر رہی ہیں جن میں سے 5 سندھ میں ہیں جوکہ کراچی، سکھر، نواب شاہ، ٹنڈو الہ یاراور حیدرآباد میں واقع ہیں۔ رچرڈ گیری نے مزید بتایا کہ اسکول میں تمام سہولیات بالکل مفت ہیں جن میں ٹیوشن فیس، لَنچ اور ٹرانسپورٹیشن بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سہولیات کی فراہمی پر فی بچہ ماہانہ 7500 خرچ آتا ہے۔

انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے اداروں کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کے کام کو سراہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ رچرڈ گیری اور ان کی اہلیہ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ایک نیک مقصد کے لئے پاکستان کو اپنا دوسرا وطن بنایا اور ایک طویل عرصہ سے سماعت سے محروم بچوں کو تعلیم دینے میں مصروف ہیں۔

Share this article

Leave a comment