Friday, 29 November 2024


او آئی سی وفد کا کنٹرول لائن پر چکوٹھی سیکٹر کا دورہ

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان اور جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبے کی قیادت میں او آئی سی کے اعلیٰ سطح 6 رکنی وفد نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے چکوٹھی سیکٹر کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اوآئی سی وفد کو ایل او سی کی تازہ صورتحال،بھارت کی جانب سے شہری آبادی کونشانہ بنانے،سیز فائر لائن خلاف ورزی پربریفنگ دی گئی۔او آئی سی کے وفد نے لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے اور لائن آف کنٹرول پر خود صورتحال دیکھنے کا موقع فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔

لائن آف کنٹرول کے دورہ کے موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان کے دو روزہ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران سے ملاقات کی، اب ہم لائن آف کنٹرول پر موجود ہیں جہاں پر ہمیں عسکری حکام نے سرحد کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
علاوہ ازیں اسلامی تعاون تنظیم کے جموں و کشمیر کے حوالے سے نمائندہ خصوصی یوسف الدوبے نے ایوان صدر مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے طویل ملاقات کی اور اُن سے مقبوضہ جموں کشمیر اور بھارت میں ہونے والے واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

Share this article

Leave a comment