Thursday, 28 November 2024


شہر قائد میں کرونا وائرس کے 8 نئے کیسز، مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی

ترجمان محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کرونا کے 8 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی اور پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کرونا وائرس کے 5 مریضوں نے شام براستہ دوحہ سفر کیا، کرونا وائرس کے 3 مریضوں نے لندن براستہ دبئی سفر کیا۔
وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہوتا ہے، بیرون ملک سے آنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، آج رپورٹ ہونے والے افراد ایران سے نہیں آئے، متاثرہ افراد لندن اور دبئی سے آئے ہیں۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے افراد کی اسکیننگ ہوتی ہے، ان تمام انتظامات کے باوجود ہم مکمل طور پر مطمئن نہیں ہیں، دبئی سے آنے والی فلائٹس کو ایران یا چین کی فلائٹ کی طرح چیک نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ایک مریض کو تھوڑا سا ایشو ہوا تو اسے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، آج رپورٹ ہونے والے افراد 5 یا 6 مارچ کی فلائٹ سے پہنچے تھے، مریض لندن سے براستہ دبئی سے آئے ہیں، عوام پریشان نہ ہوں یہ وائرس خطرناک نہیں ہے۔ ہم نے اس ایشو کو بہت زیادہ سنجیدگی سے لیا ہے۔
واضح رہے کہ اب تک ملک میں کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 3 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

 

Share this article

Leave a comment