Thursday, 28 November 2024


امریکا مہلک ترین اور نئے کرونا وائرس کا مرکز بن چکا ہے

 
 
نیویارک : امریکا مہلک ترین اور نئے کرونا وائرس کا مرکز بن چکا ہے، اب تک امریکا میں 4056 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے اور امریکا میں بھی نیویارک میں جان لیوا وبا نے سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے جہاں اب تک 1550 لوگ ہلاک ہوچکے۔
 
دوسری طرف امریکا میں ایک روز میں 62 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1لاکھ 88 ہزار 592 ہوگئی ہے۔
 
امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاست متحدہ ہائے امریکا میں یکم اپریل کی صبح ہی وائرس میں مبتلا تین مزید افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4056 ہوگئی۔
 
ڈاکٹروں کے مطابق امریکا میں لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کے باعث اسپتالوں میں حفاظتی سامان بھی ختم ہوگیا ہے۔
 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست نیویارک میں 75 ہزار 983، نیو جرسی میں 18 ہزار 696، کیلیفورنیا میں 8 ہزار 548، میچیگن میں 7615، فلوریڈا میں 6741 جبکہ دیگر ریاستوں میں بھی ہزاروں کی تعداد میں مریض موجود ہیں۔
 
 
 
خیال رہے کہ کچھ دیر قبل امریکی نائب صدر مائیک پنس کرونا ٹاسک فورس کی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے بتایا کہ ہم 51 ممالک سے طبی آلات منگوا رہے ہیں، پورے ملک میں وینٹی لیٹرز کی کمی کو پورا کیا جا رہا ہے۔
 
مائیک پنس نے کہا امریکیوں سے درخواست ہے ہمیں 30 روز اور دیں، ہم لوگوں نے ہمت نہیں ہارنی، تمام امریکی صدارتی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کریں، امریکا میں اب تک1.1 ملین کرونا ٹیسٹ ہو چکے ہیں، نجی لیبارٹری نے 15 منٹ میں کرونا ٹیسٹ کرنے والی مشین بنائی ہے۔ انھوں نے طبی آلات کی ترسیل کے لیے نیشنل گارڈز کے استعمال کا عندیہ بھی دیا۔

Share this article

Leave a comment