Friday, 29 November 2024


کرونا ٹیسٹنگ کٹس نامکمل اور خراب ہیں. مرتضیٰ وہاب

 
 
کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ انھیں ملنے والی ٹیسٹنگ کٹس نامکمل نکلی ہیں۔
 
حکومت سندھ کے ترجمان اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھجوائی گئیں کرونا ٹیسٹنگ کٹس نامکمل اور خراب ہیں۔
 
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹویٹ میں ناقص کٹس سے متعلق دستاویز اور ان کی تعداد بھی پیش کر دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو فراہم کردہ کرونا ٹیسٹنگ کٹس کلینیکل ایگزامینیشن کے معیار کے مطابق نہیں ہیں۔
 
 
انھوں نے کہا کہ سندھ کو 20 ہزار ٹیسٹ کٹس بغیر وی ٹی ایم کے موصول ہوئیں، سواب اور VTM کرونا ٹیسٹ کے لیے انتہائی ضروری ہیں، وفاقی حکومت کی بھیجی گئیں بیس ہزار ٹیسٹنگ کٹس کسی کام کی نہیں، انھوں نے لکھا کہ وفاقی وزرا کے قول اور فعل میں تضاد ہے۔
 
 
مرتضیٰ وہاب نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ اس نازک وقت میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مکمل قومی ہم آہنگی ضروری ہے۔
 
خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے ٹوٹل کیسز 1452 ہو چکے ہیں، جب کہ اب تک 13840 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، کرونا کے 419 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ اب تک صوبے میں 31 اموات ہو چکی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں 30 مریض صحت یاب ہوئے۔

Share this article

Leave a comment