Friday, 29 November 2024


محکمہ کالج ایجوکیشن کے لئے 45 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص

کراچی: مالی سال 2020.21 کے لئے سندھ حکومت نے محکمہ کالج ایجوکیشن کے لئے 45 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کئے ہیں۔
 
تفصیلات کےمطابق صوبہ سندھ میں کل 146 بوائز کالج،131گرلز کالج اور 50 مخلوط کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے تحت چل رہے ہیں جبکہ ان کالجوں میں کل 4 لاکھ 36 ہزار 980 طالب علم زیر تعلیم ہیں۔
 
COVID-19 کے تناظر میں کالج کی تعلیم کو جاری رکھنے کے لئے کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ فاصلاتی تعلیم کے لئے کمپیوٹر لیب، سینٹرلائزڈ ٹیچنگ اور ویب سروسز کو استعمال کیے جانے کے پروگرام مرتب کئے جائیں گے ۔
 
کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں ٹیکنالوجی بڑھانے کے ضمن میں اگلے مالی سال 2020-21 کے لئے 45 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں،این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کیلئے انڈومنٹ فنڈ سے 30 کروڑ روپے اور گورنمنٹ کالج فار انفارمیشن ٹیکنالوجی گرونگر حیدرآباد کے لئے 3 کروڑ روپے کی گرانٹ رکھی گئی ہے ۔
 
کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے تحت سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے تحت کالج کے طالب علموں کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی کے مقابلے اور نمائش منعقد کرائی جائے گی اور بہترین سائنس و ٹیکنالوجی پروجیکٹس کی بنا پر کالج کے طالب علموں کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے انعامات بھی رکھے جائیں گے۔

Share this article

Leave a comment