Thursday, 28 November 2024


امریکی نمائندہ خصوصی کا اسکول کا دورہ

ایمز ٹی وی (تعلیم ) امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے مسلمان برادریوں کے لیے خصوصی نمائندے شارق ایچ ظفر نے برمنگھم میں ٹروجن ہارس اسکینڈل سے متاثرہ ایک اسکول کا دورہ کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کےخصوصی نمائندے شارق ظفر دنیا بھر میں امریکہ کے ساتھ مسلمان آبادیوں کے تعلقات کے فروغ کے لیے مصروف عمل ہیں ان کا یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ امریکی سفیر شارق ظفر نے منگل کو برمنگھم میں 'پارک ویو اسکول' کے طلبہ اور عملے کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر طالب علموں نے انھیں اسکول کا نیا گیت سنایا جس کا عنوان' ٹوگیدر' یعنی ایک ساتھ مل کر تھا۔ اس گیت کو طالب علموں نے خود لکھا تھا جبکہ اس گیت میں انگریزی، مینڈران چینی، ہسپانوی اور اردو زبان کے بول شامل تھے۔

پارک ویو اسکول برمنگھم کے ان پانچ متاثرہ اسکولوں میں شامل تھا جن پر سخت گیر مسلمانوں کی طرف سے قبضہ کے الزامات کے بعد حکومت کی طرف سے تحقیقات شروع کی گئی تھیں اور اسکولوں کے معاملات کی نگرانی کرنے والی تنظیم آفسٹیڈ نے الزامات کے بعد اسکول کو درجہ 'شاندار' سے 'ناموزوں' قرار دے دیا تھا۔

امریکی سفیر نے اس موقع پر برطانوی معاشرے میں نوجوان مسلمانوں کے کردار اور طلبہ کو درپیش مشکلات کےحوالے سے ایک مباحثے میں شرکت کی اور کہا کہ انھیں مسلم اکثریتی اسکول کے طلبہ سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے۔

ایک طالب علم نے انھیں بتایا کہ کچھ لوگ ہمیں حجاب پہنا ہوا دیکھ کر ہمارے بارے میں فیصلہ کر لیتے ہیں، لیکن ہماری نظر میں ہم برطانوی ہیں۔

سفیر نے کہا کہ مسلمان برطانیہ کا ایک حصہ ہیں اور یہ ایک برطانوی اسکول ہے اور مجھے یہاں آ کر فخر محسوس ہو رہا ہے انھوں نے مزید کہا کہ تمام عقائد کے درمیان مکالمہ ضروری ہے۔

"یہاں کے طالب علموں کو واضح طور پر برطانوی ہونے پر فخر ہے اور میں بہت خوش ہوں کہ مجھے مستقبل کے برطانوی رہنماؤں سے ملنے کا موقع ملا جو کل امریکی رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔"

ایگزیکٹیو ہیڈ ٹیچر ایڈرین پیکر نے کہا کہ ہمارا اسکول دیگر کمیونیٹیز کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہے۔

اسکول کی جانب سے ایک مستقل ہیڈ ٹیچر فضل چوہدری کا تقرر کیا گیا ہے جو ستمبر سے اپنا عہدہ سنبھال لیں گے جبکہ انتظامیہ اسکول کا نام تبدیل کر کے 'روک وڈ اسکول ' رکھنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔

Share this article

Leave a comment