Thursday, 28 November 2024


جامعہ کراچی نےتعلیم وتحقیق کی شاہراہ پرایک اورسنگِ میل طےکرلیا

کراچی: ملک کی سب سے بڑی درسگاہ جامعہ کراچی اور اقوامِ متحدہ کے خصوصی ادارے یونیسکو کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کا مقصد بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں ادویاتی اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری پر یونیسکو چیئر قائم کرنا ہے۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی نےگزشتہ روزایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ اس سے قبل یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل آودرے ازولے نے پہلے ہی اس معاہدے پر اکتوبر (ماہِ رواں) کی دو تاریخ کو پیرس میں دستخط کرچکے ہیں۔

پروفیسر خالد عراقی نے اپنے خطاب میں یونیسکو حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا بہترین تحقیقی ادارہ ہے جس کی کارکردگی دیگر قومی اداروں کے لیے قابلِ تقلید ہے اس معاہدے کی تکمیل سے جامعہ کراچی نے تعلیم و تحقیق کی شاہراہ پر ایک اور سنگِ میل طے کیا ہے۔ اس چیئر کے قیام سے قومی اور علاقائی سطح پرقدرتی ادویات اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبوں میں صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

محترمہ پیٹریشیا میک فلپس نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں یونیسکو نے کئی چیئر قائم کی ہیں اور اب ایک ادویاتی اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری پر چیئر بین الاقوامی مرکز میں جو دنیا کا بہترین تحقیقی ادارہ ہے

پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمن نے جامعہ کراچی کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی مرکز کے لیے یہ انتہائی اعزاز کی بات ہے کہ یونیسکو نے یہاں ادویاتی اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری پر ایک چیئر قائم کی ہے

پروفیسر اقبال چوہدری نے کہایونیسکو چیئر اور اس معاہدہ کا مقصد ہی قدرتی ادویات اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے مربوط نظام، معلومات اور تربیت کو فروغ دینا ہے۔ انھوں نے کہا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا شمارترقی پذیر دنیا کے بہترین حیاتیاتی اور کیمیائی علوم کے اداروں میں ہوتا ہے، بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جونہ صرف آئی ایس او سے سند یافتہ ہے بلکہ یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ" کے منصب پر بھی فائز ہے۔

ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ تقریب میں شیخ الجامعہ کراچی کے علاوہ وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمن، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری سمیت جامعہ کراچی کے کئی آفیشل موجود تھے۔

Share this article

Leave a comment