Friday, 29 November 2024


سرکاری اسکولوں میں آن لائن سسٹم موجودنہ ہونےکےباعث مشکلات کاسامنا

کراچی: سرکاری اسکولوں میں آن لائن سسٹم موجود نہ ہونے کے باعث ہزاروں طلباو طالبات کا مستقبل دائو پرلگ گیا ہے ۔کورونا وائرس کے باعث سندھ بھر کے اکثر اسکولوں میں آن لائن نظام ہی موجود نہیں ہے جبکہ آن لائن سسٹم نہ ہونے کے باوجود کورونا کے باعث آن لائن کلاسز کا انعقاد کرانے کا فیصلہ کیا گیا

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پر آن لائن سسٹم موجود ہی نہیں ہے ،جس کے سبب سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی تعلیم دی نہیں جاسکے گی۔اس حوالے سے محکمہ تعلیم سندھ سرکاری اسکولوں میں آن لائن سسٹم کتنے اسکولوں میں ہے اس سے لاعلم دکھائی دیتی ہے۔ بغیر انتظامات کے محکمہ تعلیم سندھ نے ایک انوکھا فیصلہ کیا اور سرکاری اسکولوں میں آن لائن کلاسز کے انعقاد کا حکم جاری کردیا ہے ۔

سرکاری اسکولوں کے اساتذہ اس فیصلے پر سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں نہ تو محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے آن لائن سسٹم کے لئے فنڈز مہیا کئے گئے اور نہ ہی متعلقہ افسران کی جانب سے اسکولوں میں آن لائن سسٹم کے حوالے سے جانچ پڑتال کی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث کراچی کے متعدد سرکاری اسکولوں میں اساتذہ غیر حاضر ہیں جبکہ متعدد اسکولوں میں آن لائن کلاسز تو دور انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں ہے ۔صرف ضلع شرقی کے سو سے زائد اسکولوں میں سے 90 اسکولوں میں آن لائن کلاسز کی سہولت دستیاب نہیں ہے جبکہ باقی ماندہ چند اسکولوں میں آن لائن کلاسز شروع کرنے کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم کو ہدایت کی گئی تھی کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک ہوسکتی ہے جس کے سبب تعلیمی اداروں میں چھٹیاں دے دی جائیں اور آن لائن کلاسز کا اطلاق فوری طور پر کیا جائے تاہم محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے آن لائن سسٹم سرکاری اسکولوں میں متعارف نہیں کرایا جاسکا ہے جس کے باعث سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی پڑھائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

Share this article

Leave a comment