Friday, 29 November 2024


سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے استثنیٰ مضامین پروگرام متعارف کرادیا

کراچی: پاکستان میں پہلی بار سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے استثنیٰ مضامین پروگرام متعارف کرادیا ہے جس کے بعد انٹر میڈیٹ پری انجینئرنگ اور پری میڈیکل میں کم از کم 33فیصد نمبر ز سے پاس ہونیوالے طلبہ تین سال کے بجائے دو سال میں ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (ڈی اے ای) کا ڈپلومہ حاصل کر سکیں گے ۔

پروگرام کے تحت امیدوارکراچی سمیت سندھ میں 74 سرکاری اور200 نجی فنی تعلیمی اداروں میں داخلے کا اہل ہوگا۔

بورڈنے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز کی 163 میٹنگ 30 اپریل اور یکم مارچ 2019ء کے حوالے دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ طلبہ جو انٹر پری انجینئرنگ اور پری میڈیکل کے امتحانات میں کامیاب ہوچکے ہیں مگروہ یونیورسٹیز میں داخلے کی کم سے کم مارکس کی اہلیت پر پورے نہیں اترتے ڈپلومہ ان ایسو سی ایٹ انجینئرنگ میں داخلہ لے کر پہلے سال کا استثنیٰ حاصل کر کے ڈی اے ای سال دوم میں براہ راست داخلہ لے سکیں گے۔

مذکورہ پروگرام میں داخلہ لینے والے طلبہ لازمی مضامین اردو، اسلامیات، انگریزی سال اول و دوم اور مطالعہ پاکستان میں پاس تصور کئے جائیں گے، اس لئے انہیں صرف فنی تعلیم کے کورسز کرائے جائیں گے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رجسٹریشن فیس 2000روپے ہے۔ داخلہ کے خواہشمند طلبہ کو متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ سے رابطہ کی ہدایت کی گئی ہے۔

Share this article

Leave a comment